News Details

10/07/2018

عام انتخابات کے پرامن شفاف اور غیر جانبدار انعقاد کیلئے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس (ر) دوست محمد خان نے واضح کیا ہے کہ عام انتخابات کے پرامن شفاف اور غیر جانبدار انعقاد کیلئے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ سرکاری ملازمین انتخابات کے مجموعی عمل میں ہر سطح پر غیر جانبداری کا مظاہرہ کریں تاکہ شفاف انتخابات کا انعقاد باآسانی اور بحسن اہتمام یقینی ہو سکے ۔ وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ نگران صوبائی وزیر زراعت انوار الحق ، سیکرٹر ی اسٹبلشمنٹ ارشد مجید ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری اکبر خان اور دیگر اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ نگران وزیراعلیٰ نے کہاکہ شفاف انتخابات کا انعقاد ہماری اولین ترجیح ہے جس کے لئے آئین میں دیئے گئے اختیارات کے مطابق ہمیں اپنی ذمہ داریاں ایمانداری سے نبھانا ہوں گی ۔ نگران صوبائی حکومت اس سلسلے میں تیاریوں کو حتمی شکل دے چکی ہے تاہم صوبہ بھر میں سرکاری اہلکاروں کا غیر جانبدار کردار بڑی اہمیت کا حامل ہے ۔ اُنہوں نے کہاکہ آزاد اورپرامن انتخابات کیلئے سکیورٹی کا معاملہ حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست رہے گا۔ اُنہوں نے مزید کہاکہ ملک کے وسیع تر مفاد میں ہر شخص کو اخلاص کے ساتھ اپنا کردار ادا کرنا ہے اور الیکشن کمیشن آف پاکستان سے بھر پور تعاون یقینی بنانا ہے ۔ نگران صوبائی حکومت اپنی آئینی ذمہ داریوں کی تکمیل کیلئے الیکشن کمیشن کو بھر پور تعاون فراہم کر ے گی اور کامیاب انتخابات کے انعقاد میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرے گی ۔