News Details

28/04/2018

پاکستان تحریک انصاف کے پاس ملک کی معاشی خوشحالی کا بہترین فارمولہ موجود ہے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے پاس ملک کی معاشی خوشحالی کا بہترین فارمولہ موجود ہے ۔ ہماری پارٹی برسراقتدار آکر کرپشن کی بیخ کنی اور عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ ختم کرے گی ملک کو سکیورٹی ، تعلیم، صحت، ماحولیات ، کھیل و تفریح ، صنعت و حرفت اور دیگر سماجی اور معاشی شعبوں میں بہترین پالیسیاں دے گی ۔عدالتی نظام کو اسلامی اور قو می تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے گانیز چین، افغانستان ، ایران اور وسطی ایشیاء تک ہمسایہ ممالک سے بہترین حکومتی، عوامی اور تجارتی تعلقات قائم کئے جائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف ٍ�مقبول ترین سیاسی جماعت بن چکی ہے یہ واحد صوبائی حکومت ہے جس نے پانچ سال اپنے ایجنڈے کی تکمیل کیلئے دیر پا اقدامات کئے ہیں اور گزشتہ کئی دہائیوں سے سیاستدانوں کا پھیلایا ہوا گند صاف کرکے ایک شفاف اور قابل عمل سسٹم کی مضبوط بنیادیں رکھ دی ہیں۔ تحریک انصاف اپنی کارکردگی کی بنیاد پر 2018 کے عام انتخابات میں بھر پور کامیابی حاصل کرکے دوبارہ حکومت بنائے گی ۔ وہ وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں پیپلز لائرز فورم کے سابق صوبائی صدر اور پی کے ون پشاور سے پیپلز پارٹی کے سابق اُمیدوار اکبر خان ایڈوکیٹ کی پارٹی کے 25 سرگرم کارکنوں کے ہمراہ پی ٹی آئی میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔پشاور میگا پراجیکٹ کے فوکل اور وزیراعلیٰ کے ترجمان شوکت علی یوسفزئی ،پی ٹی آئی ملاکنڈ ڈویژن کے صدر اور صوبائی وزیر کھیل محمود خان ، ارکان صوبائی ارباب جہانداد خان، زرگل خان ، سابق وزیر فرید طوفان خان اور پی ٹی آئی کے دیگر رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے ۔اس موقع پر وزیراعلیٰ نے تحریک انصاف میں نئے شامل ہونے والوں کو پارٹی کی ٹوپیاں پہنائیں اور یقین دلایا کہ اُن کا فیصلہ صوبے کے لئے بہترین ثابت ہوگا۔ مستقبل پاکستان تحریک انصاف کا ہے ۔ تحریک انصاف نوجوانوں کی پارٹی ہے اسلئے اس کا مقابلہ مشکل ہی نہیں بلکہ ناممکن ہے ۔ وزیراعلیٰ نے تحریک میں شامل ہونے والوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس صوبے کی تاریخ گواہ ہے کہ حکومت کے آخری ایام میں برسر اقتدار پارٹی کے اپنے لوگ اُسے چھوڑ کر دوسری پارٹیوں کا رخ کرلیتے ہیں اور پارٹی اپنی مقبولیت کھو بیٹھتی ہے مگر اس کے برعکس پاکستان تحریک انصاف نے خیبرپختونخوا کی اس روایت کو یکسر بدل کر رکھ دیا ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے گزشتہ پانچ سال کے دوران ڈیلیور کیا ، عوام کی بہتر خدمت کی اور پوری قوم کا اعتماد حاصل کیا جوں جوں وقت گزرتا جاتا ہے تحریک انصاف کی مقبولیت بڑھتی جارہی ہے ۔آج نہ صرف صوبے کے طول و عرض بلکہ ملک بھر سے لوگ تحریک انصاف میں شامل ہورہے ہیں جو تحریک انصاف کی قوم دوست پالیسیوں اور صوبائی حکومت کی کارکردگی کا منہ بولتاثبوت ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ اُن کی حکومت نے پانچ سال اپنے ایجنڈے کی تکمیل کیلئے مربوط اقدامات اُٹھائے ۔ تعلیم ، صحت ، پولیس اور دیگر شعبوں کو سیاسی مداخلت سے آزاد کرکے خدمات کی انجام دہی کیلئے پاؤں پر کھڑا کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ انہوں نے اپنے اہداف کے مطابق خیبرپختونخوا میں تبدیلی کی ٹھوس بنیادیں رکھ دی ہیں ۔ پاکستان کو ترقیافتہ اقوام کی صف میں کھڑا کرنے کیلئے جدوجہد کی ضرورت ہے ۔ ہم بحیثیت قوم سمجھ لینا چاہیئے کہ ملکی ترقی اور خوشحالی کیلئے نظام کی تبدیلی واحد حل ہے ۔ دُنیا آگے جارہی ہے اور ہم پیچھے ، اس کی وجہ کرپٹ سسٹم ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ سمندر پار پاکستانی اپنے ملک سے شدید محبت رکھتے ہیں وہ پاکستان میں واپس آکر ملک کی ترقی و خوشحالی میں کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔اگر ہم اپنے سسٹم کو ٹھیک کرلیں ایک پر اعتماد ماحول پیدا کریں تو پاکستان کو کسی بھی بیرونی مدد کی ضرورت نہیں۔ ہمارا اعلیٰ ترین دماغ اور سرمایہ جو باہر منتقل ہو چکا ہے واپس آسکتا ہے اور دُنیا کا بھی پاکستان پر اعتماد بحال ہو سکتا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ اُن کی حکومت نے خیبرپختونخوا میں اس کا عملی مظاہرہ کرکے دکھایا ہے ۔