News Details

28/04/2018

گرلز کیڈٹ کالج مردان کا قیام ملک میں خواتین کی تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ گرلز کیڈٹ کالج مردان کا قیام ملک میں خواتین کی تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا اور یہاں سے فارغ ہونے والی بچیاں ملک وقوم کا نام روشن کریں گی ۔یہ ضلع مردان کے لیے ایک اعزاز ہے کہ ملک کا پہلا گرلز کیڈٹ کالج یہاں بنا ہے اور کالج کے پرنسپل اور ان کی ٹیم کی محنت کی بدولت اس کالج نے نہ صرف ملکی سطح پر بلکہ بیرون ملک بھی بڑا نام کمایا ہے اور عالمی میڈیا پر بھی اس کے چرچے ہیں ۔وہ جامڑہ تخت بائی میں گرلز کیڈٹ کالج مردان کی زیر تعمیر عمارت کے دورے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے ،تقریب سے صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان ، قومی اسمبلی کے رکن علی محمد خان ، رکن صوبائی اسمبلی افتخار علی مشوانی اور کالج کے پرنسپل بریگیڈئر (ر) جاوید سرور نے بھی خطاب کیا ۔ کالج کی طالبات کیڈٹس نے کالج کا ترانہ پیش کیا ۔اس موقع پروزیر اعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ کا لج کی عمارت 240 کنال اراضی پر دوارب چالیس کروڑ روپے کی لاگت سے دوسال کے اندر مکمل کی جائے گی جس میں دور جدید کی تمام تر سہولیات میسر ہوں گی ۔ وزیر اعلیٰ نے اپنے خطاب میں کہا کہ تعلیم کے بغیر ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا ،ماضی میں سیاستدانوں نے سرکاری سکولوں کو جان بوجھ کر نظر انداز کیا اور یہاں رشوت اورسفارش پر میٹرک پاس نالائق افراد کو بھرتی کیا گیا جبکہ ہماری حکومت نے سرکاری سکول جہاں غریب عوام کے بچے پڑھتے ہیں، میں جدید سہولتیں فراہم کیں بچے کو ٹاٹ سے اُٹھا کر کرسی پر بٹھایا ۔ہم طبقاتی نظام ختم کرنا چاہتے ہیں اور یہ تعلیم کے فروغ کے بغیر ممکن نہیں ۔تحریک انصاف کی حکومت نے سرکاری سکولوں میں انگلش میڈیم ذریعہ تعلیم متعارف کرایا اور چھ سال بعد سرکاری سکولوں سے کالجوں اور یونیورسٹیوں میں آنے والے طلبہ وطالبات ایلیٹ کلاس کے بچوں کا ڈٹ مقابلہ کریں گے اور اب غریب کا بچہ بھی افسر بنے گا ۔اسی طرح ہم نے سکولوں میں خالص میرٹ پر ستاون ہزار اساتذہ بھرتی کئے اور دو کمروں اور دو استادوں کا تصور ختم کرکے چھ کمروں اور چھ اساتذہ کا نظام لے آئے ہیں ۔ہم سے پہلے ہسپتال تو موجود تھے لیکن ان میں ڈاکٹر تھے اور نہ ہی ادویات موجود تھیں ہم نے ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی کمی پوری کی اور صحت کارڈ کے ذریعے غریبوں کو مفت علاج کی سہولت مہیا کی ۔مردان میں ترقیاتی کاموں کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مردان میں ویمن یونیورسٹی قائم کی گئی اور اس کی عمارت کے لیے ڈھائی ارب روپے منظور کیے گئے ، اسی طرح سرکاری سیکٹر میں صوبے کی دوسری انجنئیرنگ یونیوسٹی بھی مردان میں قائک کی گئی ہے جس کی نئی عمارت پر تین ارب روپے لاگت آئے گی ۔گرلز کیڈٹ کالج پہلے ہی دو ارب چالیس کروڑ روپے کی لاگت سے زیر تعمیر ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ ایک ارب روپے کی لاگت سے مردان میں دو فلائی اوورز تکمیل کے مراحل میں ہیں اور بورڈ سپورٹس کمپلکس بھی تیار ہے جس پر 37 کروڑ روپے لاگت آئی ہے ۔مردان میڈیکل کمپلکس کو 84کروڑ کی خطیر رقم دی گئی جبکہ 74 کروڑ روپے سے شیخ ملتون میں ترقیاتی کام جاری ہیں ۔اُنہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اپنی اعلیٰ کارکردگی کی بدولت آئندہ انتخابات میں واضح اکثریت حاصل کرے گی اور مرکز اور صوبوں میں حکومت بنائے گی جبکہ 29 اپریل کو لاہور میں تاریخی جلسہ ہوگااُنہوں نے کارکنوں سے کہا کہ وہ اس تاریخی جلسے میں ضرور شرکت کریں ۔