News Details

19/04/2018

ضلع بٹگرام میں یونیورسٹی کیمپس کے قیام کیلئے مفاہمتی یاداشت پر دستخط بہت جلد کلاسز کے اجراء کا اعلان

ضلع بٹگرام میں یونیورسٹی کیمپس کے قیام کیلئے مفاہمتی یاداشت پر دستخط بہت جلد کلاسز کے اجراء کا اعلان ضلع بٹگرام میں یونیورسٹی کیمپس کے قیام کیلئے محکمہ اعلیٰ تعلیم خیبرپختونخوا اور ہزارہ یونیورسٹی کے مابین مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے گئے۔ اس سلسلے میں وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں ایک سادہ مگر پروقار تقریب ہوئی۔ محکمہ اعلیٰ تعلیم اور ہزارہ یونیورسٹی کے نمائندوں نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کی موجودگی میں یاداشت پر دستخط کئے۔ تاج محمد ترند کی سربراہی میں بٹگرام سے عمائدین کے 25 رکنی وفد کے علاوہ یوسف ترند ، ضلع ناظم بٹگرام اور متعلقہ محکموں کے نمائندوں نے تقریب میں شرکت کی ۔ وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کیمپس کے تحت بلاتاخیر کلاسز شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ یونیورسٹی کیمپس بٹگرام کے عوام کا حق ہے ۔ حکومت نے اپنی ذمہ داری پوری کی ہے۔ ہم برائے نام افتتاح پر یقین نہیں رکھتے بلکہ عملی اقدامات کرتے ہیں۔ عوام کو معیاری تعلیم کے مواقع کی فراہمی شروع دن سے ہی صوبائی حکومت کی ترجیح رہی ہے ۔ تاج محمد ترند، یوسف ترند، ضلع ناظم بٹگرام اور متعلقہ محکموں کے نمائندوں نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور صوبائی حکومت کی کارکردگی کو سراہا۔انہوں نے یونیورسٹی کیمپس کے قیام پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ ضلع کے عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا جو موجودہ صوبائی حکومت نے پورا کردیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ کی طرف سے کیمپس کلاسز جلد شروع کرنے کی ہدایت پر متعلقہ حکام نے بتایا کہ وہ اس سلسلے میں پہلے سے تیار ی کر چکے ہیں۔ بہت جلد کلاسز شروع کر رہے ہیں۔