News Details

10/04/2018

حکومت نے چائینز سمیت ملکی اور بین الاقوامی کمپنیوں کے ساتھ سرمایہ کاری کیلئے معاہدے کئے ہیں

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ اُن کی حکومت نے چائینز سمیت ملکی اور بین الاقوامی کمپنیوں کے ساتھ سرمایہ کاری کیلئے معاہدے کئے ہیں اس سے فائدہ کسی کے جیب میں نہیں بلکہ صوبائی خزانے کو ہو گا ۔حکمرانوں نے بڑی بڑی جائیدادیں تو بنا لی ہیں لیکن ٹیکس دینے سے کتراتے ہیں۔ خیبرپختونخوا ضرورت سے کہیں زیادہ بجلی پیدا کرتا ہے لیکن وفاق صوبے کے ساتھ انصاف نہیں کر رہا ۔ہم نے خود صوبے کے وسائل سے موٹروے بنایا ۔ صوبے میں پہلے نوکریاں بکتی تھیں اب میرٹ پر حقداروں کو ملتی ہیں۔ اب ٹھیکے شفاف طریقے سے ایوارڈ کئے جاتے ہیں۔ملک میں ڈاکو راج ختم کرنے کیلئے تحریک انصاف کا اقتدار میں آنا ضروری ہے ۔ نواز شریف اپنے کرپشن کی وجہ سے اڈیالہ جیل کی ہوا کھائیں گے ۔ ڈاکو اور چور حکمران پاکستان کیلئے بد نماداغ ہیں۔ ملک میں لوٹ مار ختم کرنے کیلئے عمران خان آخری اُمید ہے ۔ وہ اپنے تین روزہ دورہ برطانیہ کے اختتام پر لٹل پاکستان سے مشہور بریڈ فورڈ میں تحریک انصاف یار کشائر کے زیر اہتمام منعقدہ جلسے سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے تقریب میں خیبر پختونخوا کے ارکان قومی اسمبلی مراد سعید،شہریار آفریدی اور مشیر وزیراعلیٰ عابد خٹک کے علاوہ ملک بھر سے تحریک انصاف کے کارکنوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ سمندر پار پاکستانی قوم کا عظیم سرمایہ ہیں خیبر پختونخوا کے تارکین وطن نے بھی دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا کر ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے خیبر پختونخوا کی حکومت نے نوجوانوں کی صلاحیتوں میں نکھار کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں تعلیم اور صحت کے شعبوں میں ایمرجنسی کا نفاذ اور پولیس و پٹوارخانوں سمیت تمام اداروں کا استحکام ہماری اہم ترین کامیابی ہے جن کے ثمرات ظاہر ہونا شروع ہو چکے ہیں ہمارے اقدامات کی بدولت ٹیکس نیٹ وسیع ہو گا جبکہ عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ مسلسل کم ہو گا نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کے بھرپور مواقع ملیں گے وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں کہا کہ عمران خان نے پاکستان کو کرپشن سے پاک کرنے کا پختہ عزم کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے کرپشن کی بیخ کنی اور ہر سطح پر شفافیت ، میرٹ اور قانون کی بالادستی کیلئے ریکارڈ قانون سازی کی ہے انہوں نے کہا کہ وفاقی اور پنجاب حکومتوں کی طرح چین کی کمپنیوں کے ساتھ ہم نے بھی معاہدے کئے ہیں مگر اس کا فائدہ کسی کی جیبوں میں جانے کی بجائے حکومتی خزانے کو فائدہ ہو گا۔ ان معاہدوں کی بدولت بغیر سرمایہ کاری ایک ہاؤسنگ سکیم سے صوبے کو اربوں روپے کا فائدہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومتیں ٹیکس کے بغیر نہیں چلتیں مگر افسوس کے ہمارے ملک کہ بائیس کروڑ میں سے صرف 10 لاکھ لوگ ٹیکس ادا کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ ہم ٹیکس نیٹ میں سب کو لائیں گے ہمارے حکمرانوں کی بڑی جائیدادیں ہیں مگر ٹیکس ایک پیسے کا ادا نہیں کرتے انہوں نے کہا کہ ہم خیبر پختونخوا میں ضرورت سے زیادہ بجلی پیدا کر رہے ہیں۔ وفاق ہمارے ساتھ انصاف نہیں کر رہا۔ جس دن عمران خان وزیراعظم بنیں گے تمام صوبوں کو انصاف ملے گا۔ہم نے خیبر پختونخوا میں ڈھائی ارب روپے کی لاگت سے پشاور میں اوور ہیڈ بریج کا میگا منصوبہ مخالفین کو دکھانے کیلئے مختصر عرصے میں مکمل کیا۔مجھ پر کوئی ایک پیسے کی کرپشن یا کمیشن ثابت نہیں کر سکتا۔ خیبرپختونخوا واحد صوبہ ہے جس نے خود موٹروے بنایا۔ہم سے قبل نوکریاں بکتی تھیں ۔ ٹھیکے خریدے جاتے تھے ۔انہوں نے کہا کہ ایجوکیشن ، ہیلتھ اور میرٹ کی بالادستی ہمارے میگا پراجیکٹس ہیں تبدیلی اس کو نظر آئے گی جس کا بچہ سرکاری سکول میں پڑھتا ہے مجھے غریبوں کی فکر ہے جس کے پاس ایک انجیکشن خریدنے کی اہلیت نہیں دوہزار اٹھارہ کے الیکشن میں اگر تحریک انصاف اقتدار میں نہ آئی تو ڈاکو قابض ہو جائیں گے ۔ عمران خان کو اقتدار میں لانا بہت ضروری ہے ۔ پرویز خٹک نے کہا کہ نواز شریف اپنی بے پناہ کرپشن کے نتیجے میں عنقریب اڈیالہ جیل جائے گا وہ اﷲ کی پکڑ میں آ چکا ہے۔ہمیں ڈاکو اور چور حکمران ملے جس کی وجہ بدنام پاکستان اور عوام ہوئے ۔ میری ساری زندگی سیاست میں گزری کبھی پیچھے نہیں دیکھا۔عمران خان نے مجھے اتنی طاقت دی ہے اب مجھے کسی سے ڈر نہیں لگتا۔ عمران خان کا احسان مند ہوں جس نے مجھے وزیراعلیٰ بنایا۔ اﷲ سے روز عمران خان کے حق میں دُعا کرتا ہوں۔ پانچ سال دن رات محنت کی ۔سیاست میں 35 سال ہو گئے ہیں ہمارے دور حکومت کے گزشتہ پانچ برس ماضی کے 35 برس پر بھاری ہیں۔جس دن عمران خان اقتدار میں ہوگا سب چور پکڑے جائیں گے جس دن ایک ایماندارلیڈر پاکستان میں آئے گا ملک ترقی کرے گا۔ پاکستان میں ہر قدم پر لوٹ مار کا بازار گرم ہے۔ اس لئے کوئی یہاں سرمایہ کاری کے لئے تیار نہیں۔ عمران خان کی شکل میں اُمید کی کرن پید اہوئی ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ برطانیہ اور امریکہ نے ایماندار لیڈر کے آنے کے بعد ترقی کی اسی طرح چین ، کوریااور ملائیشیا کو آگے لے جانے میں ایماندار لیڈر شپ کا کردار ہے۔پاکستان بدقسمت ملک ہے جسے آج تک ایماندار لیڈر نہیں ملا۔ پاکستان میں میرٹ کی بجائے سفارش اور رشوت پر کام ہوتے ہیں۔ ہم یہاں برطانیہ جیسی ترقی لانا چاہتے ہیں ہمارے ملک میں صرف ایماندار لیڈر وں کی کمی ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نیا پاکستان ضرور بنے گا۔ پاکستانی ذہین قوم ہے جسے حکمرانوں نے ضائع کیا۔ میری ساری زندگی کام، کام اور کام میں گزری ۔ پرویز خٹک نے کہا کہ جتنا پیار برطانیہ میں ملا میرے لئے اثاثہ ہے میں باتیں کم کرنے کا عادی ہوں۔زندگی سیکھنے کا نا م ہے۔ پرویز خٹک نے بریڈ فورڈ میں رکن یورپین پارلیمنٹ امجد بشر سے بھی ملاقات کی اورباہمی دلچسپی کے مختلف اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔