News Details

29/04/2018

پشاور میں کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے کیلئے ڈمپنگ گراؤنڈ اور ری سائیکلنگ و ٹریٹمنٹ پلانٹک کے انتظامات کو ہنگامی بنیادوں پر حتمی شکل دی جائے

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ پشاور میں کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے کیلئے ڈمپنگ گراؤنڈ اور ری سائیکلنگ و ٹریٹمنٹ پلانٹک کے انتظامات کو ہنگامی بنیادوں پر حتمی شکل دی جائے جبکہ ڈمپنگ گراؤنڈ کیلئے مجوزہ مقامات میں سے ایک کا انتخاب بھی فوری طور پر یقینی بنایا جائے انہوں نے موسم گرما کی آمد کے پیش نظر صوبے کے مختلف اضلاع میں ڈینگی سے بچاؤ کیلئے مؤثراقدامات کی ہدایت بھی کی انہوں نے واضح کیا کہ پشاور شہر میں صفائی اور حفظان صحت کا بہترین ماحول اور معیار قائم کیا جائے انہوں نے ڈپٹی کمشنر پشاور کو ہدایت کی کہ گلبہار سمیت پورے شہر میں نکاس کا بہترین نظام قائم کیا جائے اور ٹوٹی نالیوں اور مین ہولز کی تعمیر و مرمت یقینی بنائی جائے انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں مخالفین کا پروپیگنڈا بے جا ہے مگر ہم انکا جواب دینے کی بجائے اپنا کام پورے اخلاص سے جاری رکھیں گے کیونکہ مخالفین کا اپنا سیاسی ایجنڈا ہے جبکہ ہمارا ایجنڈا تبدیلی اور عوامی فلاح و بہبود کا ہے وہ وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں صوبائی وزراء شاہ فرمان خان، اشتیاق ارمڑ، ضلع ناظم ارباب عاصم، رکن قومی اسمبلی ارباب عامر، پشاور کے تمام اراکان صوبائی اسمبلی، سیکرٹری ہائے خزانہ، بلدیات، چیئرمین و چیف ایگزیکٹیو ڈبلیو ایس ایس پی ، کمشنر و ڈپٹی کمشنر پشاور اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی اس موقع پر شرکاء کو ڈمپنگ گراؤنڈ کیلئے 600کنال اراضی پر مشتمل مختلف مقامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اجلاس کو موسم گرما کی آمد کے مد نظر ڈینگی کے خطرات اور اسکے سد باب کیلئے متعلقہ محکموں کی تیاریوں سے بھی آگاہ کیا گیا اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈینگی سے متعلق منعقدہ ایک دوسرے اجلاس میں متعلقہ تمام شعبوں کو فرائض تفویض کئے گئے ہیں اور ایک جامع پلان بھی وضع کیا گیا ہے اجلاس کو شہر میں نکاس اور حفظان صحت کے نظام سے متعلق بھی آگاہی دی گئی اور اس سلسلے میں ہونے والے اقدامات پر روشنی ڈالی گئی وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ شہر میں کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے اور صحت و صفائی کی صورت حال بہتر بنانے کیلئے ڈبلیو ایس ایس پی کو پوری طرح فعال بنانا ضروری ہے انہوں نے کہا کہ حکومت مخالف عناصر نے اس ضمن میں پہلے ہی زہریلا پروپیگنڈا شروع کیا ہے انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کہا کہ جب بھی عوامی فلاح و بہبود کا کوئی منصوبہ تکمیل کے مراحل میں داخل ہوتا ہے تو مسترد شدہ سیاسی عناصر حکومت کے خلاف منفی پروپیگنڈا میں مصروف ہو جاتے ہیں اور عوام کو حکومت سے بدظن کرنے کی کوششیں شروع کر دیتے ہیں انہوں نے کہا کہ انکی حکومت کی طرف سے تبدیلی اور عوامی فلاح و بہبود کے ضمن میں اخلاص ہر قسم کے شک و شبہ سے بالا تر ہے مگر افسوسناک بات یہ ہے کہ مخالفین اپنے روایتی سیاسی بغض کا مظاہرہ کرتے ہوئے غیر متعلقہ اعتراضات اور منفی تنقید کا لا متناہی سلسلہ شروع کر دیتے ہیں تاہم عوام اصل حقیقت جانتے اور سمجھتے ہیں اسلئے انکی باتوں میں آنے والے نہیں پرویز خٹک نے کہا کہ وہ ایک عملی آدمی اور اہداف پر نظر رکھنے والے سیاستدان ہیں اسلئے کسی بھی پروپیگنڈا سے متاثر ہونے والے نہیں انہوں نے کہا کہ ہمارے قول و فعل میں کوئی تضاد نہیں اور ہم اپنے اہداف کا حصول بخوبی جانتے ہیں وزیر اعلیٰ نے ڈمپنگ گراؤنڈ اور ٹریٹمنٹ پلانٹ کیلئے مختلف مقامات میں سے ایک کی نشاندہی اور انتخاب کیلئے ایک کمیٹی قائم کرنے کا اعلان کیا اور اسے ایک ہفتے کے اندر ٹاسک مکمل کرنے کی ہدایت کی انہوں نے واضح کیا کہ پشاور کی ترقی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا جب کہ شہر کی تعمیر و ترقی کیلئے یہاں کے ارکان اسمبلی متعلقہ تمام اداروں سے پورا تعاون کرینگے انہوں نے گل بہار میں زیر تعمیر نکاس کا نظام ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو اس مقصد کیلئے مانیٹرمقرر کرنے اور روزانہ کی بنیاد پر پراگرس رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت کی تاکہ تاخیر کی گنجائش باقی نہ رہے انہوں نے منصوبے کی اعلیٰ معیار کے مطابق تکمیل کی ہدایت بھی کی پرویز خٹک نے ضلعی انتظامیہ اور ارکان اسمبلی کو ہدایت کی کہ ڈینگی وائرس کے موثر انسداد کیلئے عوامی آگہی مہم چلائی جائے تاکہ بہتر نتائج برآمد ہوں انہوں نے کہا کہ ہمیں چیلنجوں سے خوفزدہ نہیں ہونا چاہئے یہ ایک اجتماعی فرض ہے اور اس سے اجتماعی طور پر نمٹنا ضروری ہے انہوں نے اس ضمن میں ڈینگی رسپانس یونٹ کو فوری طور پر فعال بنانے کی ہدایت کی ۔