News Details

17/02/2018

عمران خان کا نظام کی تبدیلی کا پروگرام پاکستان تحریک انصاف کا منشور مگر ان کا دیرینہ خواب رہا ہے

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ عمران خان کا نظام کی تبدیلی کا پروگرام پاکستان تحریک انصاف کا منشور مگر ان کا دیرینہ خواب رہا ہے جسے اب خیبر پختونخوا میں عملی جامہ پہنا کر عوام کو استحصالی نظام سے چھٹکارا دلایا جا رہا ہے ۔ مقام شکر ہے کہ انہیں اپنا یہ خواب شرمندہ تعبیر بنانے کا موقع مل گیا ہے اب تک اس ملک میں غریب عوام کا خون چوسا جا رہا تھا اور قومی وسائل پر چند وڈیروں ، چوہدریوں ، خوانین اور سیاسی خاندانوں کا قبضہ تھا ۔ان کرپٹ سیاست دانوں نے ہمیشہ قوم کو روٹی کپڑا مکان، اسلام، پختون اور قائد اعظم کے پاکستان پر دھوکہ دیا۔ ہمیشہ اُستاد ، پٹواری ، ڈاکٹر، اور پولیس پر سیاست کی۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے غریب عوام کو انکا حق دلانے اور دنیا میں پاکستانی قوم کا سر فخر سے بلند کرنے کیلئے عظیم جدوجہد کا آغاز کیا ہے ۔میرٹ کا بول بالا کرنے اور غریب عوام کو انصاف دلانے کے لیے انصاف کی تحریک شروع کی۔ جس میں ہمیں بڑی حد تک کامیابی ملی، ملک میں کرپشن اور بد عنوانی کے دن گنے جا چکے ،اب چوروں اور لٹیروں کو قومی دولت لوٹ کر بیرون ملک جائیدادیں نہیں بنانے دیں گے۔ 2018کے انتخابات میں تحریک انصاف پورے ملک اور تمام صوبوں بشمول آزاد کشمیر میں بھی بر سر اقتدار آئے گی۔ اے این پی کے مرکزی رہنما ملک آفتاب خان اوران کے سینکڑوں ساتھیوں کاپاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہیں۔اقتدار کو چند ماہ رہ چکے ہیں تحریک انصاف میں لوگوں کاجوق درجوق شامل ہونا نیک شگون ہے۔ ان خیالات کااظہار وزیر اعلیٰ نے اے این پی کے مرکزی رہنما اور سابقہ امیدوار صوبائی اسمبلی پی کے چودہ ملک آفتاب احمد خان ،ان کے بیٹوں اور اے این پی کے بعض دیگر سرکردہ رہنماؤں راجہ محمد صدیق، راجہ سعید، کامران قریشی اور علیم خان سمیت سینکڑوں ساتھیوں کے ہمراہ پی ٹی آئی میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ملک آفتاب خان نے تحریک انصاف کی مرکزی اور صوبائی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اور پارٹی کاز کیلئے ہر قربانی دینے کا عزم دہرایا انہوں نے بتایا کہ چالیس سال اے این پی میں گزارے مگر بہت مایوس ہوکر آج تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کررہا ہوں اے این پی نے پختونوں کے نام پر سیاست کرکے پختونوں کو دھوکہ دیا۔ انھوں نے بد امنی اور دہشتگردی سے متاثرہ صوبے میں امن بحال کرنے اور کرپشن زدہ اداروں کو پستی سے نکال کر مضبوط بنانے سمیت وزیراعلیٰ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے انہیں زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور بتایا کہ انہیں پرویز خٹک کے پورے خاندان پر فخر ہے جنہوں نے اپنی بے لوث خدمات سے پورے نوشہرہ کا وقار بڑھایا ۔ ملک آفتاب و دیگرنے کہا کہ ا نہوں نے سو چ سمجھ کر اے این پی کو چھوڑا کیونکہ سابقہ دور میں میرٹ اور انصاف کی دھجیاں اڑائی گئیں اور حکمرانوں نے تجوریاں بھریں اسی لیے انھوں نے پرویز خٹک کی قیاد ت میں تحریک انصاف میں شمولیت کااعلان کیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر ایکسا ئز اینڈٹیکسیشن میاں جمشید الدین کاکاخیل ،ضلع ناظم نوشہرہ لیاقت خان خٹک اور ممبرقومی اسمبلی ڈاکٹر عمران خٹک نے بھی خطاب کیا اور میرٹ و قانون کی بالادستی سمیت پی ٹی آئی حکومت کے عوام دوست اقدامات پر روشنی ڈالی اور ملک افتاب سمیت ان کے ساتھیوں کا تحریک انصاف میں شمولیت کا خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے ملک افتاب اوران کے ساتھیوں کوپی ٹی آئی کی ٹوپیاں پہنا کر ان کا پارٹی میں خیر مقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نظام کو درست بنانے کے علاوہ قومی ڈاکوؤں سے لوٹا ہوا مال بھی واپس لے کر قومی خزانے میں جمع کرائے گی۔ پرویز خٹک نے کہا کہ پی ٹی آئی کی انتخابی مہم کے دوران ہم نے قوم سے تبدیلی کے ایک نکاتی ایجنڈے پر ووٹ لیا اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے مختصر عرصے میں عوام سے کیا ہوا ایک ایک وعدہ پورا کردیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں ایزی لوڈ، کرپشن اور کمیشن کے کلچر اور مافیا کو فل سٹاپ لگادیا گیا ہے۔ اداروں سے سیاسی مداخلت ختم کرکے انہیں مستحکم کردیا گیا۔ہماری اولین ترجیحات عوام کو تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی اور غریب عوام کی عزت نفس بحال کرنا ہے جس میں ہم بڑی حدتک کامیاب ہوچکے ہیں اور عوام خود اس کی گواہی دے رہے ہیں تبدیلی کے ثمرات عوام کو واضح طور پر نظر آرہے ہیں۔ پرویز خٹک نے کہا کہ ہم نے سینکڑوں پن بجلی گھر قائم کرکے ان کی سستی بجلی سے صنعتی اور معاشی انقلاب لانے کی راہ ہموار کردی ہے انہوں نے کہا کہ ہمارا صوبہ ساڑھے تین ہزار میگاواٹ سے رائد بجلی پیدا کررہا ہے جبکہ ہمیں پندرہ سو میگاواٹ سے بھی کم بجلی دی جارہی ہے حالانکہ ہماری ضرورت صرف پچیس سو میگاواٹ ہے ایک سازش کے تحت ہمارے صوبے کے ساتھ ظلم ہورہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وفاقی تخت پر جو حکمران قابض ہیں انہوں نے اپنی تجوریاں بھریں اور وسائل لوٹ کر بیرون ملک منتقل کئے۔ انہوں نے کہا کہ عوام باشعور ہیں کھرے او رکھوٹے کی تمیز کرسکتے ہیں اب یہ ملک مزید لوٹ کھسوٹ کامتحمل نہیں ہو سکتا ۔عوام اپنے حق کے لیے متحد ہوکر اٹھیں اور ایسے بد عنوان سیاستدانوں کو اپنے ووٹ کے ذریعے سبق سکھائیں انہوں نے کہا کہ ہماری کاکردگی عوام کے سامنے ہے اوریہی وجہ ہے کہ آج صوبے کے طول وعرض میں لوگ دوسری جماعتوں کو چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شامل ہورہے ہیں جو صوبائی حکومت پر عوام کے اعتماد کامظہر ہے انہوں نے کہا کہ غیر جانبدار سروے سے پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت اور صوبے میں تحریک انصاف کا مورال بہت بلند ہواہے وقت آگیا ہے کہ ہم ملکراس ملک کو ٹھیک کریں اور چوروں لیٹروں کو اس ملک سے نکالیں ہم نے تعلیمی اداروں میں یکسانیت لانے ،طبقاتی نظام تعلیم ختم کرنے، سکولوں میں اساتذہ کی کمی پورے کرنے، فرنیچر اور اضافی کمرے تعمیر کرانے کا وہ کام شروع کیا جس پر پہلے کوئی توجہ نہیں دی گئی ہسپتالوں میں ڈاکٹرز کی کمی پورا کرنے، آلات، فرنیچر، انفراسٹرکچر فراہم کرنے پربھی کام تیز ی سے جاری ہے انہوں نے کہا کہ بے روزگاری کے خاتمے کے لئے صنعتیں لگائی جارہی ہیں صنعت کاروں کے ساتھ بے روزگاری کے خاتمے کے حوالے سے معاہدے ہوچکے ہیں کیونکہ کارخانوں کے بغیر بے روزگاری ختم نہیں ہوسکتی انھوں نے کہا کہ جب اس ملک کا نظام ٹھیک نہیں ہوگا اور لیڈر شپ ایماندار نہیں ہوگی تو یہ ملک ترقی نہیں کرسکتا افسوس کہ نوازشریف اور اسحاق ڈار نے ملک کو قرضوں پر چلایا ملک اور عوام کوبھاری قرضوں میں ڈبو دیا ہے کب تک یہ ملک اُدھارپر چلے گااور کب تک غریب عوام قرضوں کے بوجھ تلے دبتے جائیں گے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے تمام تقرریاں میرٹ پر کی ہیں اورغریبوں کو ان کاحق دیا جارہا ہے اداروں کوٹھیک کردیا انھوں نے کہا کہ افسوس سے کہناپڑتا ہے کہ ہمیں ورثے میں تباہ حال ادارے ملے جن کو ٹھیک کرنے میں کافی وقت لگا ۔