ہ 23 مارچ ہمیں اس تاریخ ساز دن کی یاد دلاتا ہے جب آج سے 81 سال قبل جنوبی ایشیاءکے مسلمانوں نے اپنے لئے ایک آزاد اسلامی ریاست کے قیام کا فیصلہ کیاتھا جس کے سات سال بعد مملکت خداداد کا قیام عمل میں آیا

2021-03-23

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے پوری قوم باالخصوص خیبرپختونخوا کے عوام کو یوم پاکستان کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ 23 مارچ ہمیں اس تاریخ ساز دن کی یاد دلاتا ہے جب آج سے 81 سال قبل جنوبی ایشیاءکے مسلمانوں نے اپنے لئے ایک آزاد اسلامی ریاست کے قیام کا فیصلہ کیاتھا جس کے سات سال بعد مملکت خداداد کا قیام عمل میں آیا۔ پاکستان برصغیر کے مسلمانوں کی ایک طویل جدوجہد اور عظیم قربانیوں کا ثمر ہے جہاں آج ہم اپنے مذہبی اور ثقافتی اقدار کے مطابق آزاد زندگی بسر کررہے ہیں۔ یہ دن ہمیں بانیان پاکستان کی ان عظیم قربانیوں کی یاد دلا تا ہے جو انہوں نے اس ملک کے حصول کے لئے پیش کیں۔ اس لئے آج ہم اپنے اسلاف کی ان قربانیوں اور جدو جہد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور اس عزم کا اظہار کرتے ہیں کہ ہم اس ملک کو ایک عظیم ملک بنانے کے لئے اُن نظریات پر کار بند رہیں گے جو اس مملکت خداداد کے حصول کی بنیاد ہیں۔ یوم پاکستان کی مناسبت سے یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج پوری قوم 23 مارچ یوم پاکستان کا دن قومی جوش و جذبے کے ساتھ منارہی ہے آج کے دن ہم اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ ہم پاکستان کو ایک عظیم فلاحی اسلامی ریاست بنانے کے لئے اپنی انفرادی اور اجتماعی جدوجہد جاری رکھیں گے جس کا خواب قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال نے دیکھا تھا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ موجودہ حکومت وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک کو بانیان پاکستان کے افکار کے مطابق صحیح معنوں میں ایک اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لئے کوشاں ہے، ایک ایسی ریاست جس میں انصاف کا بول بالا ہو، قانون کی حکمرانی ہو، میرٹ کی بالادستی ہو اور جہاں قانون سب کے لئے برابر ہو۔ آئیں آج کے دن ہم سب اس عہد کی تجدید کریں کہ ہم سب اس ملک کو ایک عظیم ملک بنانے کے لئے انفرادی اور اجتماعی کو ششیں جاری رکھیں گے جس کا خواب بانیان پاکستان نے دیکھا تھا۔