یوم آزادی پر وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کا پیغام

2015-08-14

وزیراعلیٰ خیبرپختونخواپرویز خٹک نے یوم آزادی کے پر مسرت موقع پرا پنے پیغام میں پوری پاکستانی قوم اور باالخصوص صوبہ خیبرپختونخوا کے عوام کو آزادی کی مبارک باددی ہے اور ملک کی ترقی، خوشحالی اور امن و سلامتی کیلئے پر خلوص دعا کی ہے انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان کی ولولہ انگیز قیادت میں قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد کے حصول کی طرف عملی پیش رفت کا آغاز کر دیا ہے اور پاکستان کو صحیح معنوں میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور مصور پاکستان حضرت علامہ اقبال کے خوابوں کی عملی تعبیربنانے کی مخلصانہ جدوجہد بھی شروع کی ہے وزیراعلیٰ نے کہاکہ امسال پاکستان تحریک انصاف یوم آزادی کی دوہری خوشیاں منانے میں حق بجانب ہے کیونکہ خیبرپختونخوا میں صوبے کے عوام کے حق و انصاف کیلئے کی گئی انتھک و کامیاب اصلاحات و قانون سازی پر عمل درآمد کے مطلونہ نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں اور اب ہم فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ پاکستان تحریک انصاف قومی تاریخی کی واحد پارٹی ہے جس نے خیبرپختونخوا میں اپنے منشور پر سو فیصد عمل کیا ہے اور اس کیلئے کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں کیا وزیراعلیٰ نے کہا کہ یوم آزادی سے قبل خیبرپختونخوا کی اتحادی حکومت نے پی ٹی آئی کے منشور اور عزم کے مطابق بلدیاتی انتخابات منعقد کرواکے بھاری اختیارات اور مالی وسائل بلدیاتی کونسلوں کے ذریعے گلی محلے کی سطح پر عوام کو منتقل کر دیئے ہیں اور یہ عظیم کامیابی بھی نہ صرف پاکستان تحریک انصاف اور اس کی اتحادی جماعتوں کیلئے ایک اعزاز ہے بلکہ اس اقدام سے آئین پاکستان کے تقاضے بھی پہلی بار حقیقی معنوں میں پورے کئے گئے ہیں اُنہوں نے کہاکہ اس سال یوم آزادی پوری پاکستانی قوم کیلئے اس حوالے سے بھی زیادہ خوشی اور مسرت کا باعث ہے کہ اس سال ہم یہ تہوار ایک پرامن ماحول میں گزار رہے ہیں جس کیلئے پاکستان کی مسلح افواج اور خیبرپختونخوا کی پولیس زبردست خراج تحسین کی مستحق ہیں تاہم اُنہوں نے کہاکہ قومی خوشی کے اس موقع پر ہمیں آرمی پبلک سکول کے سانحہ اور پاک فوج ، پولیس کے اُن شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کو فراموش ہر گزنہیں کرنا چاہیئے اور انہیں پوری شد و مد اور خلوص کے ساتھ اپنی دعاؤں میں یاد رکھنا چاہیئے پرویز خٹک نے کہا کہ پی ٹی آئی کا منشور ملک میں کرپشن کا قلع قمع کر کے ایک ایسا جدید نظام متعارف کر انا ہے جس میں میرٹ، قانون اور انصاف کی بالادستی ہو اور عوام کی شکایات اور مسائل ان کی دہلیز پر حل ہو سکیں اس بنیادی تبدیلی کیلئے خیبرپختونخوا میں اصلاحات کاعمل کامیابی سے ہمکنار ہو رہا ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کی اتحادی صوبائی حکومت فلاحی معاشرے کے قیام کی طرف تیزی سے گامزن ہے انہوں نے کہاکہ تمام سرکاری محکموں میں کرپشن کے خاتمے اوراصلاحات پرعملدرآمدکیلئے حکومت کی مخلصانہ اور بے لوث کاوشوں کے نتائج سامنے آرہے ہیں جس کا پیمانہ عوام کا بڑھتا ہو ا اطمینان ہے اور جس کا اظہار عوام نے حالیہ بلدیاتی انتخابات میں بھی کیا ہے تا ہم انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجوں کا پامردی سے مقابلہ کرنے اور پی ٹی آئی کے منشور پر کامیابی سے عملدرآمد کیلئے ضروری ہے کہ قومی سطح پر عمران خان جیسی مخلص قیادت ملک کی باگ ڈور سنبھالے کیونکہ زندہ قومیں مخلص قیادت کے تحت ہی ملک کوبحرانوں کے گرداب سے نکالنے میں کامیا ب ہوتی ہیں پی ٹی آئی کی قیادت نے انتخابی دھاندلیوں کے خاتمے، انتخابی اصلاحات کے نفاذ اور حقیقی جمہوریت کی بحالی نیز عوام کو جمہوریت کے ثمرات سے مستفید کرنے کیلئے میدان عمل میں آنے کا فیصلہ کیا ہے انہوں نے کہا کہ ملک میں حقیقی تبدیلی تب آئے گی جب قوم اگلے عام انتخابات میں عمران خان جیسے مخلص اور نڈر لیڈ ر کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرکے پوری دنیا کوجمہوریت کی شفاف اور باوقار تصویر دکھادے گی پرویز خٹک نے اُمید ظاہر کی کہ پاکستان تحریک انصاف اگلے یوم آزادی پر قوم کے بڑھتے ہوئے اعتماد کے پیش نظر جشن آزادی کی خوشیاں اور زیادہ جوش اور ولولے کے ساتھ ساتھ ملک کو حقیقی معنوں میں خوشحال اور مستحکم بنانے کے عزم کے ساتھ منائے گی۔